09 مارچ 2015ء

پاکستان نے موبائل براڈ بینڈکے لیے ٹیلی کام سیکٹر پالیسزپر اعلی ترین عالمی ایوارڈ جیت لیا

                

پاکستانی ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹرکے لیے ایک انتہائی نمایاں پیشرفت اوربراڈ بینڈ کے لیے موجودہ حکومت کی ترقی پسندانہ پالیسیوں کو تسلیم کرتے ہوئے سپین کے شہر بارسیلونا میں منعقد ہونے والی جی ایس ایم ایسوسی ایشن کی پروقارموبائل ورلڈ کانگریس2015 کے دوران پاکستان کو "سپیکٹرم فار موبائل براڈ بینڈ ایوارڈ2015" سے نوازا گیا۔

سالانہ ایونٹ میں دنیا بھر کی ٹیلی کمیونیکیشن میں ہونے والی ترقی اور جدت طرازی کا خلاصہ پیش کیا جاتا ہے ۔ سالانہ موبائل ورلڈ کانگریس میں  حکومتی، ریگولیٹری اداروں، انڈسٹری کے سرکردہ اداروں/افراد اور عالمی آئی سی ٹی نظام کے  دیگر شرکاء اکھٹے ہوتے ہیں۔

حکومت پاکستان کی جانب سے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ جی ایس ایم اے سپیکٹرم برائے موبائل براڈ بینڈ ایوارڈ2015 دیئِے جانے سے یہ پتہ چلتا ہے کہ عالمی برادری کاحکومت پاکستان کی جانب سے ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کے لیے اختیار کی جانے والی پالیسیز پر اعتماد ظاہر کر رہی ہے۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہماری پالیسیوں کو ایک بار پھر دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا ہے اور درحقیقت یہ پاکستانی سفر کا ایک ایسا تسلسل ہے جس کے دوران جی ایس ایم اے نے ایک بار پھر ہمیں سراہا ہے۔ سپیکٹرم ایوارڈ جو "موبائل کے سلسلے میں حکومتی کارکردگی"کے دو سالانہ ایوارڈز میں سے ایک ہے، ملک میں موبائل انڈسٹری کی ترقی اور معاشرتی و معاشی اثرات کے سلسلے میں نمایاں حکومتی کامیابیوں اور ڈیجیٹل ایجنڈوں میں موبائل براڈ بینڈ کو سب سے اوپر رکھنے کے لیے واضح عزم کے مظاہرے پر دیا جاتا ہے۔

وزیر مملکت نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ 3جی /4جی سروس کے آغاز کے6 سے 8 مہینوں کی قلیل مدت کے اندر اندر 3جی سروس کے لیے موبائل براڈ بینڈ صارفین کی تعداد تقریبا 10ملین تک پہنچ چکی ہے۔اگلی نسل کی موبائل سروسزکے سپیکٹرم کی نیلامی نے پاکستانی عوام کو نہ صرف موبائل براڈ بینڈ سروسز تک رسائی کے قابل بنایا اورانہیں موبائل براڈ بینڈ ٹیکنالوجی کے لحاظ سے باقی دنیا کے ساتھ لا کھڑا کر دیا بلکہ اس سے پاکستان میں موبائل نیٹ ورکس میں سرمایہ کاری کی کامیابی سے حوصلہ افزائی بھی ہوئی۔

محترمہ انوشہ رحمن، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بارسیلونا سپین میں منعقد ہونے والی سالانہGSMAموبائل ورلڈ کانگریس میں پاکستانی وفد کی سرکردگی کی۔ ان کے ہمراہ چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے بھی اس کانگریس میں شرکت کی۔