09 مئی 2014ء

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پریس ریلیز ملٹری کالج آف سگنلز کے وفد کاپی ٹی اے کا دورہ

اسلام آباد 09 مئی 2014 (پ۔ر) ملٹری کالج آف سگنلز کے شعبہ ٹیلی کام انجینئرنگ کے طلبہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی
( پی ٹی اے )ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ چےئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ اور پی ٹی اے کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دورے کے دوران پی ٹی اے کے چےئرمین نے شرکاء کو پی ٹی اے کی کارکردگی اور اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے ٹیلی کام صنعت میں حالیہ تازہ ترین پیش رفت تھری جی /فور جی سپیکٹرم کی نیلامی سے متعلق بھی بات چیت کی۔ چےئر مین پی ٹی اے نے کہا کہ ٹیلیکام سیکٹر کی کارکردگی کے اعدادو شمار سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس شعبے نے گزشتہ چند سالوں میں بہت زیادہ ترقی کی ہے۔ اسی طرح تعلیم کے شعبے میں بھی تیزی سے ترقی رونما ہوئی ہے جس کا ثبوت تعلیمی اور پروفیشنل اداروں کی تعداد اور ان اداروں کے اساتذہ اور طلبا و طالبات میں ہونے والا اضافہ ہے ۔اس کے برعکس پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کام میں ہونے والی ریسرچ میں اتنا زیادہ اضافہ نہیں ہواجو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
چےئرمین نے کہا کہ پی ٹی اے ایک تعلیم دوست ادارہ ہے اور تعلیمی اداروں کے لئے ہمارے دلوں میں بے حد احترام ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے نے ہمیشہ ٹیلی کام سیکٹر میں تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔پی ٹی اے نے ایک تعلیم دوست ادارے کی حیثیت سے تعلیمی اداروں اور اتھارٹی کے درمیان ٹیلی کام تحقیق کی ترقی کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیش آمدہ ریگولیٹری معاملات اور مسائل اور مقامی سیکٹر میں نئی ٹیکنالوجیز کی منتقلی پر تحقیق سے ریگولیٹر اور پالیسی سازوں کو مدد ملے گی۔
اس موقع پر چےئرمین پی ٹی اے نے ملٹری کالج آف سگنلز کے وزیٹنگ فیکلٹی ممبر کرنل(ریٹائرڈ) ضمیر بھٹی اور کورس ایڈوائزر ڈاکٹر عادل کو ادارے کی جانب سے اعزازی شیلڈز پیش کی۔



(خرم مہران) 
ڈائیریکٹر تعلقات عامہ